راجستھان کے اجمیر میں واقع غریب نواز کی درگاہ میں نو سال پہلے ہوئے
دھماکہ کے معاملے میں این آئی اے کی عدالت نے فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے
دونوں مجرموں بھاویش پٹیل اور دویندر گپتا کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
ساتھ ہی عدالت نے بھاویش پٹیل پر 10 ہزار اور دویندر گپتا پر پانچ ہزار
روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ اس معاملے میں تیسرے مجرم سنیل جوشی کی
پہلے ہی موت ہو چکی ہے۔
آٹھ مارچ کو اس معاملے میں تین ملزمان کو عدالت نے مجرم قرار دیا تھا،
لیکن ان کے سزا پر فیصلہ 18 مارچ تک ٹال دیا گیا۔ 18 مارچ کو مدعا علیہان
کی دلیلوں کے بعد کورٹ نے فیصلہ 22
مارچ کے لئے ٹال دیا تھا۔ 18 مارچ کو
قصورواروں کو سزا کے نکات پر بحث ہوئی تھی۔ اسی کے مدنظر سزا کے فیصلے میں
دیر ہوئی اور عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔
راجستھان کی اجمیر درگاہ شریف میں روزہ افطار کرنے والوں کے درمیان یہ
دھماکہ 11 اکتوبر 2007 کو کیا گیا تھا۔ اس ناپاک حرکت کے 9 سال گزر جانے کے
بعد 8 مارچ کو تین ملزمان کو عدالت نے مجرم قرار دیا تھا۔ غریب نواز کی
درگاہ میں تقریبا 6:15 بجے شام درگاہ میں ایک دھماکہ ہوا جس میں 3 لوگوں کی
موت ہو گئی۔ 15 لوگ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ دھماکے کے لئے درگاہ میں دو
ریموٹ بم پلانٹ کئے گئے تھے، لیکن ان میں سے ایک ہی پھٹا تھا۔